امریکی دباؤ مسترد،ترکی روسی ساختہ دفاعی نظام خریدے گا
ترکی نے روس سے دفاعی نظام 'ایس 400' کی خریداری میں امریکی دباؤ کو مسترد کر دیاہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انقرہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ دفاعی نظام کی ترسیل سے متعلق پہلے ہی مذاکرات طے پا چکے تھے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ترکی کو خبردار کیا کہ اگر اس نے روسی ساختہ دفاعی نظام خریدا تو اُسے ممکنہ طور پر اقتصادی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ امریکی ساختہ ایف 35 جنگی طیارے کے پروگرام میں بھی انقرہ کی شرکت مشکوک ہوجائے گی۔
ترک وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے روس کے ساتھ معاہدہ کرلیا اور اس کے پابند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کی جانب سے دباؤ عالمی قوانین کے منافی ہے۔
خیال رہے کہ روسی ساختہ دفاعی نظام 'ایس 400' کی ترکی کو فراہمی جولائی میں ممکن ہوگی۔
روسی دفاعی نظام کی خریداری کے علاوہ واشنگٹن اور انقرہ کے مابین شام کے تنازع پر بھی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
اس حوالے سے امریکا میں ہونے والی پیش رفت کے مطابق بتایا گیا کہ 4 امریکی سینیٹرز نے بل کا مسودہ پیش کیا جس میں ترکی کو ایف 35 طیارے کی فراہمی کو روسی دفاعی نظام سے دستبرداری سے مشروط کیا گیا۔