روس کو تنہا کرنے میں امریکہ کی شکست ہوئی، لاوروف
روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ماسکو کو تنہا کرنے میں امریکہ شکست کھا چکا ہے اور واشنگٹن کی پابندیوں سے بھی روس کی پالیسیوں پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے روس کی وزارت خارجہ سے وابستہ اکیڈمی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے پابندیاں عائد اور دباؤ ڈال کر روس کو پالیسیاں تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کی بہت کوشش کی مگر ماسکو پر کوئی اثر نہیں پڑا اور اس کی پالیسیاں آئندہ بھی بدستور جاری رہیں گی۔
انھوں نے کہا کہ لوگ، سامراجی پالیسیوں سے بالکل تنگ آ چکے ہیں جبکہ امریکہ سیاسی دباؤ اور سرکشی کا مظاہرہ کر کے دیگر ملکوں پر بدستور اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ روس اور امریکہ کے تعلقات، دو ہزار چودہ سے روسی سرحدوں تک نیٹو کا دائرہ بڑھائے جانے، یوکرین کا بحران اور شام کے مسئلے پر پائے جانے والے اختلافات کی بنا پر کشیدگی سے دوچار ہیں۔