سری لنکا کی فضا سوگوار، سیکرٹری دفاع مستعفی
سری لنکا میں مبینہ حملہ آور دہشت گرد کی بیوی بھی دہشتگرد نکلی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی فضا سوگوار ہے جبکہ دکانیں، دفاتر بند اور سڑکیں سنسان ہیں، سری لنکا کے سیکرٹری دفاع مستعفی ہو گئے۔ ہیمارسی فرنینڈو نے اپنا استعفی صدر کو ارسال کر دیا ہے۔
سیکرٹری دفاع ہیمارسی فرنینڈو نے صدر میتھریپالا سریسینا کو بھیجے گئے استعفی میں لکھا ہے کہ ایسٹر کے دوران ہونے والے بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ صدر یہ ذمہ داری اب کسی اور کو دے دیں۔
حکومت نےدھماکوں میں ملوث مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لئے رات گئے ملک بھر میں مزید 5 ہزار فوجی اہلکار اور 2 ہزار بحری، فضائی اہلکار تعینات کئے ہیں جبکہ ملک میں تمام اقسام کی ڈرون پروازوں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
ادھرسری لنکا میں مبینہ خودکش حملہ آور کی بیوی بھی دہشت گرد نکلی، پولیس کے گھر پر چھاپے کے دوران اپنے آپ کو اڑا لیا۔
سری لنکن صدر موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ اتوار کو مسیحی تہوار ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں 8 بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 359 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک شدگان میں سے 39 غیر ملکی تھے۔ انتہا پسند تنظیم داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔