اپنی زندگی وینزویلا کے لوگوں پرقربان کردوں گا: نکولس مادرو
وینزویلا کے صدر نکولس مادرو نے کہا کہ وہ اپنی زندگی وینزویلا کے لوگوں کے لئے قربان کردیں گے ۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادرو کی تقریر کو ان کے حامیوں کے لئے ٹویٹ کیا گیا کہ کیا آپ کو یاد ہے کہ گزشتہ سال 4 اگست کو انہوں نے کس طرح مجھے ڈرون دھماکہ خیز سے مارنے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ کرنے کے لئے زندگی ملی اور اس وجہ سے لوگوں کی خوشی کے لئے، ملک کی خوشحالی کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کردوں گا ۔
واضح رہے کہ وینزویلا کے حکام کے مطابق قتل کی کوشش چار اگست کو ہوئی تھی جب صدر ملک کے دارالحکومت كراكس میں ایک فوجی پریڈ میں شرکت کر رہے تھے۔ پریڈ کے موقع پران پر بم سے لدے ڈرون سے حملہ کیا گیا جس میں مادرو بال بال بچ گئے لیکن بہت سے فوجی زخمی ہوئے تھے۔
اس سال جنوری کے بعد سے وینزویلا شدید بحران کا شکار ہے کیونکہ امریکی حمایت یافتہ اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو نے خود کوعبوری صدر قراردیا ہے۔
وینزویلا میں کشیدگی اپریل کے آخر میں اپنے عروج تک پہنچ گئی تھی جب وینزویلا کی اپوزیشن نے مسٹر مادرو کو ہٹانے کے لئے ایک بغاوت کی کوشش کی جو ناکام رہی۔
یاد رہے کہ امریکہ وینزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف اس ملک کے عوام اور فوج کو اکسانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے اورامریکہ نے اس پر کئی قسم کی پابندیاں بھی عائد کی ہیں تاہم اسے اب تک ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔