ماسکو میں اسلامی ملکوں کی سفیروں کی جانب سے فلسطین کی حمایت
عالمی یوم القدس کی آمد کے موقع پر ماسکو میں متعدد اسلامی ملکوں کے سفیروں اور روسی حکام نے فلسطینی کاز کے لئے اپنے اپنے ملکوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ماسکو سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ روس میں متعین متعدد اسلامی ملکوں کے سفیروں اور روسی حکام نے ایک پریس کانفرنس میں جو روسی خبررساں ایجنسی کے دفتر میں منعقد ہوئی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس ہمیشہ فلسطین کا دارالحکومت باقی رہے گا - پریس کانفرنس میں شریک اسلامی ملکوں کے سفیروں اور روسی حکام نے کہا کہ سینچری ڈیل اور امریکی سفارتخانے کو بیت المقدس منتقل کرنے جیسے سازشی منصوبے دنیا کے مسلمانوں اور فلسطینی عوام کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کرسکیں گے - روس میں متعین ایران کے سفیر مہدی سنائی نے اس پریس کانفرنس میں جمعہ الوداع کو عالمی یوم القدس اعلان کرنے کے تعلق سے امام خمینی کے کارنامے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس نے فلسطینی امنگوں کو زندہ کررکھا ہے اور گذشتہ عشروں کے دوران عالمی یوم القدس نے فلسطینیوں کے حقوق کو پامال کرنے کے سلسلے میں دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے - ماسکو میں منعقدہ پریس کانفرنس میں عراق کے سفیر حیدر منصور ہادی ، فلسطین کے سفیر عبدالحفیظ نوفال ، ماسکو میں فلسطین کلچرل سینٹر کے سربراہ وفیق الشاعر ، روس کے مفتیوں کی کونسل کے نائب سربراہ روشن عباس اوف اور بیت المقدس ثقافتی کونسل کے سربرا سرگئی بابورین جیسی متعدد شخصیات نے حصہ لیا - عراق اور فلسطین کے سفیروں نے بھی امریکی سفارتخانے کو بیت المقدس منتقل کرنے اور سینچری ڈیل نافذ کرنے کی امریکی حکومت کے اقدام اور کوششوں کی مذمت کی اور اقوام عالم سے کہا کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھیں اور صیہونیوں کے مظالم پر خاموش نہ بیٹھیں۔