Jun ۰۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ لندن پراحتجاج سیکورٹی سخت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ میں3روزقیام کریں گے۔

ایک سال میں دوسری مرتبہ امریکی صدر ٹرمپ کل پیر کو لندن پہنچ رہے ہیں ان کے دورہ برطانیہ کے موقع پر متوقع احتجاج کے مدنظر سخت سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

امریکی صدر کے گزشتہ دورے کی طرح اس مرتبہ بھی مظاہرین نے ان کے دورے کے موقع پر سڑکوں پرآکر انکی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کاپروگرام بنا لیاہے۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین اس مرتبہ بھی صدر ٹرمپ کو دودھ پیتا بچہ ظاہر کرنے کیلئے نیپی کے ساتھ ان کی تصاویر اوران کے کارٹون فضا میں لہرانے کے علاوہ ایک16 فٹ طویل باتیں کرنے والا روبوٹ سامنے لانے کاپروگرام بنارہے ہیں ۔

سکاٹ لینڈ یارڈ کاکہناہے کہ اس کے پاس پولیس کی تجربہ کار بھاری نفری سیکورٹی آپریشن کے لئے موجود ہے۔

2018 میں ٹرمپ کے دورے کے موقع پر کم وبیش10ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے اور ملک کی تمام فورسز نے اس آپریشن کیلئے نفری فراہم کی تھی۔

اپنے دورہ برطانیہ کے آغاز سے قبل ہی صدر ٹرمپ نے تھریسا مے کی جانشینی کے امیدوار بورس جانسن اور بریگزٹ پارٹی کے رہنمانائیجل فراج کی تعریف کرتے ہوئے انھیں اپنا دوست قرار دیاہے اور اس بات کااشارہ دیاہے کہ اپنے اگلے دورہ برطانیہ کے دوران وہ ان سے ملاقات کریں گے۔صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم تھریسا مے کے سیاسی مخالفین کی تعریف سے یقینا تھریسا مےکو جو عہدے سے سبکدوشی کااعلان کرچکی ہیں ندامت ہوگی،جبکہ تھریسا مے نے صدر ٹرمپ کو عہدہ سنبھالنے کے صرف 7دن بعد ہی برطانیہ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔

ٹیگس