امریکہ کو روس کی وارننگ
امریکی ڈرون طیارہ آبنائے ہرمز کے مغربی علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود کے قریب معلومات جمع کرنے اور جاسوسی مشن میں مشغول تھا۔
امریکہ کے ایک ڈرون طیارے کو ایران کے ذریعہ مار گرانے پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دھمکی پر روس نے خبر دار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کارروائی کی گئی تو ایسی تباہی مچے گی کہ اس کے نقصان کی تلافی کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔
ایرانی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے امریکی جاسوس طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ امریکہ علاقے کی صورتحال کو انتہائی حد تک پیچیدہ کرنا چاہتا ہے۔
روسی عہدیدار نے کہا کہ امریکہ ہوش کے ناخن لے اور روس سمیت عالمی ممالک کے ذریعے خطے میں کشیدگی ختم کرنے کی کوشش کرے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ملک کی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ایک دیو ہیکل امریکی ڈورن طیارے کو مار گرایا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق گلوبل ہاوک قسم کا دیوہیکل امریکی ڈرون طیارہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بارہ بج کر چودہ منٹ پر جنوبی خلیج فارس میں قائم ایک امریکی فوجی اڈے سے خاص مشن لے کر اڑا اور اس نے ایوی ایشن قوانین کے برخلاف اپنی شناخت بتانے والے تمام آلات خاموش کردیے اور انتہائی خفیہ طریقے سے آبنائے ہرمز کے راستے جنوب مشرقی ایران کے شہر چابہار کی جانب بڑھتا چلا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ امریکی ڈرون طیارہ واپسی پر آبنائے ہرمز کے مغربی علاقے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود کے قریب معلومات جمع کرنے اور جاسوسی مشن میں مشغول تھا اور چار بج کر پانچ منٹ پر ایران کی فضائی حدود میں مکمل داخل ہوتے ہی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ کا نشانہ بن کر تباہ ہوگیا۔
یاد رہے کہ گلوبل ہاک یا آر کیو فور سی قسم کا یہ ڈرون دنیا کا انتہائی ترقی یافتہ جاسوس طیارہ شمار ہوتا ہے اور اس کی قیمت دو سو ملین سے چار سو ملین ڈالر تک بتائی جاتی ہے۔
ایران نے جمعرات کو ایک امریکی جاسوسی طیارے کو مار گرایا تھا جس پر ٹرمپ نے سخت رد عمل کا کیا تھا۔