ایران کے خلاف مہم جوئی کی بابت روس کا امریکہ کو انتباہ
روس نے ایک بار پھر ایران کے خلاف کسی بھی طرح کی مہم جوئی کے نتائج کی بابت امریکہ کو سخت خبردار کیا ہے۔
روس کے نائـب وزیر خارجہ سرکئی ریابکوف نے کہا ہے امریکہ جان بوجھ کر خطے میں جنگ کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ کے نتائج کو اپنے سامنے رکھے۔قابل ذکر ہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جمعرات کی صبح اپنے ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے امریکی ڈورن طیارے کو مار گرایا تھا۔ایران کے علاقے ہرمزگان کی حدود میں داخل ہونے والے امریکی ڈرون طیارے گلوبل ہاک کی تباہی کے فوراً بعد امریکی حکام نے پہلے تو اس سے انکار کیا لیکن آخر کار سرکاری سطح پر اپنے ڈرون کی تباہی کا اعتراف کرلیا۔گلوبل ہاک دنیا میں استعمال ہونے والا سب سے بڑا ڈرون طیارہ ہے جو انتہائی بلندی پر پرواز کرتا ہے اور ماہرین کے مطابق اس طیارے کو مار گرایا جانا انتہائی اعلی درجے کی فوجی طاقت اور ٹیکنالوجی کی نشاندھی کرتا ہے۔