Aug ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
  • میرےوالد ہندوستان میں صرف اسپتال تک محدود ہیں، سہیلا زکزکی کا بیان

نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزکی کی بیٹی سہیلا زکزکی نے کہا ہے کہ ان کے والد کو ہندوستان میں مکمل آزادی حاصل نہیں ہے اور وہ صرف اسپتال تک محدود ہیں۔

انھوں نے پریس ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ زکزکی کو جسمانی طور پر کافی مسائل کا سامنا ہے جبکہ ان کا بی پی بھی کافی بڑھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزکی اپنی اہلیہ کے ساتھ علاج و معالجے کے لئے منگل کے روز ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچے ہیں۔

نئی دہلی پہنچتے ہی ہندوستان میں نائیجیریا کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ اسپتال میں ان کا علاج نائیجیریا کے سفارت خانے کی نگرانی میں ہو گا۔

قابل ذکر ہے کہ شیخ زکزکی کے ہمراہ نائیجیریا کے سیکورٹی اہلکار بھی نئی دہلی پہنچے ہیں۔

نائیجیریا کی ایک عدالت نے چند روز قبل اسلامی تحریک کے بانی آیت اللہ شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ کو علاج و معالجے کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

عدالت کے حکم کے باوجود نائیجیریا کی فوج اور حکومت نے آیت اللہ زکزکی کے بیرون ملک سفر میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی لیکن بین الاقوامی دباؤ بڑھنے کے بعد سرانجام انہیں ہندوستان جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ٹیگس