ہتھیار بنانے اور فروخت کرنے والے ممالک خانہ جنگی میں ملوث : پوپ
پوپ فرانسس نے ہتھیار بنانے اور خریدنے والے ملکوں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
کیتھولک عیسائیوں کے پیشوا پوپ فرانسس نے ہتھیار بنانے اور خریدنے والے ملکوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہتھیار بنانے والی ریاستیں دنیا بھر میں ہجرتوں کا سبب بن رہی ہیں اور وہی مہاجرین کو قبول کرنے سے انکار بھی کر رہی ہیں۔
تارکینِ وطن اور پناہ گزینوں کے عالمی دن پر ایک تقریب سے خطاب میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ہتھیار بنانے والی ریاستیں دنیا بھر کی خانہ جنگی میں اسلحے بیچتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خانہ جنگی کی ہی وجہ سے لوگ اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور ہوتے ہیں، دنیا کے جن خطوں میں بھی خانہ جنگی ہے، ان میں استعمال ہونے والے ہتھیار کہیں اور بنتے ہیں۔
واضح رہے کہ پوپ فرانسس پہلے بھی امریکی صدر اور مہاجرین مخالف یورپی سیاستدانوں کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے رہے ہیں اور اس بار بھی ان کا اشارہ امریکہ کی جانب تھا کیونکہ امریکہ بڑے پیمانے پر ہتھیار فروخت کرتا ہے اور مہاجرین کو قبول کرنے سے انکار کرتا ہے۔