جاپان کے نئے بادشاہ تخت نشین
جاپان کے نئے بادشاہ نارو ہیتو نے باضابطہ طور پر تخت سنبھال لیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق رواں برس اپریل میں جاپان کے سابق بادشاہ آکی ہیتو بادشاہت اور تخت سے علیحدہ ہوگئے تھے۔ وہ 200 سال میں پہلے جاپانی بادشاہ تھے جو اپنی زندگی میں ہی تخت سے الگ ہوئے تھے۔
آکی ہیتو کی جانب سے بادشاہت سے علیحدہ ہونے کے بعد ان کے بیٹے 59 سالہ نارو ہیتو نے یکم مئی 2019 کو بادشاہت کا تخت سنبھالا تھا۔ انہوں نے یکم مئی کو تخت سنبھالنےکے بعد پہلا خطاب بھی کیا تھا۔
نارو ہیتو کی جانب سے مئی میں تخت سنبھالے جانے کی سرکاری تقریب منعقد کی گئی تھی، تاہم اب انہوں نے روایتی بادشاہی طریقے کے تحت باضابطہ طور پر تخت سنبھال لیا اور وہ جاپان کے 126 ویں بادشاہ بن گئے۔
ناروہیتو کی جانب سے باضابطہ تخت نشینی کی تقریب میں دنیا بھر کی 2 ہزار اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ نارو ہیتو بادشاہ بننے سے قبل ولی عہد تھے اور وہ 25 برس کی عمر میں ولی عہد بنے تھے۔