لندن میں ٹرک سے انتالیس افراد کی لاشیں برآمد
Oct ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
لندن کے نواحی علاقے میں واقع ایک انڈسٹریل پارک میں موجود ٹرک سے انتالیس افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں۔
برطانوی پولیس نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لندن کے مشرقی علاقے میں واقع گلیڈ انڈسٹریل پارک میں ایک ٹرک سے انتالیس افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ٹرک بلغاریہ سے روانہ ہوا اور ویلز کے علاقے ہولی ہیڈ کے ذریعے برطانیہ میں داخل ہوا تھا۔
دوسری جانب بلغاریہ کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ فی الوقت یہ تصدیق نہیں کرسکتے کہ جس ٹرک سے لاشیں ملیں وہ بلغاریہ سے روانہ ہوا تھا یا نہیں۔
واضح رہے کہ سن دوہزار میں برطانیہ کی تاریخ میں غیر قانونی تارکین وطن کا سب سے المناک سانحہ پیش آیا تھا جب برطانوی کسٹم حکام کو ملک کی جنوبی بندگارہ سے ٹماٹر کے ٹرک سے اٹھاون چینی شہریوں کی لاشیں ملی تھیں۔