Nov ۲۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۳ Asia/Tehran
  • جرمنی: میوزیم سے کھربوں روپے کے نوادرات چوری

جرمنی کے میوزیم سے اربوں روپے کے زیورات اور نوادرات چوری ہو گئے ہیں۔

جرمنی کے شہر ڈریسڈن میں واقع تاریخی گرین والٹ میں کئی صدیوں پرانے زیورات، نوادرات، فن پاروں کی بنائے ہوئے منی ایچر مجسمے اور دیگر نوادرات رکھے ہیں جسے یورپ کا سب سے بڑا خزانہ بھی کہا جاتا ہے۔ نوادرات، قیمتی زیورات اور فن پاروں کے اس سب سے بڑے مرکز سے چور 100 کے قریب قیمتی زیورات اور نوادرات لے اڑے۔ میوزیم انتظامیہ نے اس خزانے  کو قیمت سے ماورا قرار دیتے ہوئے صرف اتنا بتایا ہے کہ ان کی مالیت اربوں روپے میں ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز کئی افراد نے باقاعدہ منصوبہ بندی سے میوزیم میں نقب لگائی اور ایسے خزانے کو چرالیا جن کی قیمت بیان سے باہر ہے کیونکہ وہ سب انمول ہیں۔

یہ میوزیم بہت محفوظ سمجھا جاتا رہا ہے لیکن پہلے صبح 5 بجے اس کی بجلی بند کی گئی اور اس کے بعد خزانہ لوٹا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ایک مقامی اخبار کے مطابق نوادرات کی مالیت کسی طور بھی ایک ارب یورو سے کم نہیں جو کھربوں روپے کے برابر ہے۔ اب تک پولیس کو سی سی ٹی وی ویڈیو میں صرف دو چور ہی نظر آسکے ہیں۔

اس ڈکیتی کو جرمنی کی تاریخ کی سب سے بڑی واردات بھی کہا جارہا ہے۔  شیشے کی صرف ایک الماری کو توڑ کر زیورات کے تین جوڑے چرائے گئے جو شاہ آگسٹس کے عہد سے تعلق رکھتے تھے۔

واردات کے بعد گرین والٹ کو بند کردیا گیا ہے۔

ٹیگس