Dec ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • افریقی ملک مالی میں 33 دہشت گرد ہلاک

فرانسیسی فوج نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ، چار گاڑیاں، اینٹی کرافٹ توپ اور کئی موٹرسائیکلیں برآمد کیں۔

فرانسیسی مسلح افواج سے متعلق وزارت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مالی کے علاقے موپٹی میں فوجی کارروائی میں دہشت گردوں کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جہاں دہشت گردوں کی خاصی تعداد جمع تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران ڈرون اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا اور رات بھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 33 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

اس کارروائی میں فرانس کی فوج نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ، چار گاڑیاں، اینٹی کرافٹ توپ اور کئی موٹرسائیکلیں برآمد کیں۔

خیال رہے کہ مغربی اور وسطی افریقہ میں جاری آپریشن فرانس کا بیرون ملک سب سے بڑا فوجی آپریشن ہے جس میں اس کے ساڑھے 4 ہزار سے زائد فوجی حصہ لے رہے ہیں۔

دہشت گردوں نے 2013 میں شمالی مالی کے اہم علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد فرانس کی فوج نے مقامی حکومت اور فوج کی معاونت کرتے ہوئے مداخلت کی تھی جس کے نتیجے یہ جنگجو صحرا کی جانب واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے تھے اور انہوں نے جنوبی مالی کی جانب توجہ مرکوز کر لی تھی۔

مالی میں 2013 سے جاری آپریشن میں اب تک 44 فرانسیسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

 

ٹیگس