Dec ۲۳, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۴ Asia/Tehran
  • جوہری ادارہ، ایران جوہری معاہدے کا تحفظ چاہتا ہے: رافائل گروسی

رافائل گروسی نے آئی اے ای اے کی رپورٹوں کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جوہری توانائی ادارے کو اکیسویں صدی میں اپنے کاموں کو انتہائی واضح، جدید اور فعال انداز میں آگے بڑھانا ہوگا۔

بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے آسٹریا کے اسٹینڈرد اخبار کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ یہ ادارہ ایران کی جوہری سرگرمیوں پر نگرانی کے لئے فیصلہ کن، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ رویہ اپنائے گا.

انہوں نے ایران کی جوہری سرگرمیوں کی نگرانی سے متعلق منصفانہ اور سخت رویہ اپنانے سے متعلق اپنے حالیہ بیانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انصاف پر مبنی عمل کرنے سے مراد ہرگز سیاسی نہیں بلکہ ہمیں اپنے فرائض کو غیر جانبدارانہ طور پرانجام دینا چاہیے۔

عالمی جوہری ادارے کے سربراہ نے ایران کیساتھ تعاون سے متعلق کہا کہ اس حوالے سے ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ معائنہ کے عمل کو مذاکرات کیساتھ جاری رہنا ہوگا۔

رافائل گروسی نے کہا کہ جوہری ادارے کا فرض ایران جوہری معاہدے کا تحفظ ہے نہ کہ اس کی تباہی اور اگر اس سلسلے میں سیاسی میدان میں داخل ہوجائے تو اس کا تباہ کن اثر ہوگا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ گروسی کو آئی اے ای اے کے سابق سربراہ یوکیا امانو کی جگہ تعینات کیا گیا ہے جو 2009ء سے خدمات سر انجام دے رہے تھے اور اس سال جولائی میں 72 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

 

ٹیگس