ایران کے خلاف امریکا کے بیہودہ الزامات
بغداد میں امریکی سفارتخانے پر مشتعل عراقی مظاہرین کے حملے کے بعد امریکا نے ایران پر بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں ۔
امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان مورگن اور ٹیگس نے فیکس نیوز چینل سے اپنی گفتگو میں بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے بغداد میں امریکی سفارتخانے پر حملے کو ایران سے نسبت دی ہے - انہوں نے اپنے گستاخانہ بیان میں مشتعل عراقی مظاہرین کو جو بغداد میں امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کررہے تھے دہشت گرد قراردیا -
امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان نے ساتھ ہی یہ بھی دعوی کیا کہ ایران کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی موثر واقع ہوئی ہے- امریکی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سربراہ برایان ہوک نے بھی سی این این سے اپنے ایک انٹرویو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنے من گڑھت دعوؤں کی تکرار کرتے ہوئے تہران پر بیہودہ الزامات عائد کرنے کی کوشش کی - ہوک نے اس انٹرویو میں کہا کہ ایران، عراق کے اندر اپنی بالا دستی قائم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ بغداد میں امریکی سفارتخانے پر حملے کا ذمہ دار بھی ایران ہے - برایان ہوک نے یہ بھی کہا کہ عراق میں الحشد الشعبی کے اڈوں پر حملہ ایران کو ایک جواب ہے - اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے بھی ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ بغداد میں امریکی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ ایران نے ہی کرایا تھا -