Jan ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کو ایران کے پانچ ارب ننانوے کروڑ ڈالر ضبط کرنے میں ناکامی

امریکہ کو ایران کے پانچ ارب ننانوے کروڑ ڈالر ضبط کرنے میں ناکامی کا منھ دیکھنا پڑا ہے ۔

ایران کے مرکزی بینک نے بدھ کو ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ گیارہ ستمبر دوہزار ایک کے سانحے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء  امریکی حکومت کے اشارے پر نیویارک کی ایک عدالت سے ایران کی حکومت اور سینٹرل بینک کے خلاف فیصلہ صادر کرانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ اس کے بعد انھوں نے چوبیس جنوری دوہزار اٹھارہ میں اٹلی کی عدالت میں امریکی عدلیہ کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے اور ایران کے سینٹرل بینک کا پانچ ارب  ننانوے کروڑ آٹھ لاکھ چہھتر ہزار چھے سو چھیانوے امریکی ڈالر منجمد کرنے کی اپیل دائر کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اٹلی کی ایک عدالت نے ابتداء میں چودہ جون دوہزار اٹھارہ کو اپنے ایک فیصلے میں اٹلی میں موجود ایران کے سنٹرل بینک کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا تھا تاہم ایران کے سنٹرل بینک نے مذکورہ فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی جس کے نتیجے میں اپیل کورٹ نے دس اکتوبر دوہزار اٹھارہ کو ایران کے سینٹرل بینک کے اعتراض کو حق بجانب تسلیم کرتے ہوئے اپنے سابقہ فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق گیارہ ستمبر دوہزار ایک کے سانحے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء نے ایک بار پھر ایران کے سینٹرل بینک کے اثاثے کو منجمد کرنے کے لئے ایک نیا کیس دائر کیا تاہم کورٹ نے سترہ اپریل دوہزار انیس کو اس کی سماعت میں ان کا کیس خارج کردیا۔ایران کے سینٹرل بینک نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ کورٹ نے دس جنوری دوہزار بیس کو نظرثانی درخواست بھی مسترد کردی اور اس طرح اس کیس میں ایران کے سینٹرل بینک کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ٹیگس