Jan ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • ٹرمپ نے سینچری ڈیل کی رونمائی کردی

امریکی صدر نے فلسطینی فریقوں اور علاقائی و عالمی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں ناکامی کو خاطر میں لائے بغیر یکطرفہ طور پر سینچری ڈیل کی رونمائی کردی۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں مسلط کردہ سینچری ڈیل کی رونمائی کرتے ہوئے اس ڈیل کو اسرائیل کے لئے امن کی جانب ایک قدم قرار دیا۔ اس موقع پر صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو بھی ان کے ساتھ کھڑے تھے۔ 
امریکی کانگریس کی مسلم ممبر پارلیمنٹ ایلہان عمر نے منگل کی شب ایک ٹوئیٹ میں سینچری ڈیل پر احتجاج کیا اور اس ڈیل کو چوری اور شرمناک قرار دیا۔
امریکی ریاست ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے بھی سینچری ڈیل کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ یہ ڈیل اسرائیل - فلسطین تنازعہ کو دائمی بنا دے گی۔
برطانیہ کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی کے رہنما جیرمی کوربین نے بھی کہا کہ امریکی صدر کی ڈیل پرامن نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد اسرائیل کی غیرقانونی سامراجیت کو مضبوط بنانا اور فلسطینیوں کے حقوق کا انکار کرنا ہے۔ 
جیرمی کوربین نے مزید کہا کہ برطانوی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس مضحکہ خیز ڈیل کی مخالفت اور حقیقی قیام امن کے حصول کی ضرورت پر تاکید کرے۔ 
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی فلسطین مخالف صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کو بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا۔ 
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ سینچری ڈیل نام کے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے منصوبے میں ایسی تجاویز شامل ہیں جن سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ ٹرمپ کی یہ ڈیل اس بات کا باعث بنے گی اسرائیل فلسطینیوں کے مزید حقوق پامال کرے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین ٹرمپ کی ڈیل کا اپنے معیارات کے مطابق جائزہ لے گی۔ 
فرانس کی وزارت خارجہ نے سینچری ڈیل کو بزعم خود مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے امریکی کوشش سے تعبیر کرتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا تاہم یہ بھی کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ 

ٹیگس