Jan ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • سینیٹ کی عمارت کے باہر ٹرمپ کے مخالفین کا مظاہرہ

امریکی صدر ٹرمپ کے مخالفین نے واشنگٹن میں سینیٹ کی عمارت کے باہر اجتماع کرکے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرمپ کے مواخذے کی کاروائی کے دوران گواہوں کو بھی ایوان میں بلانے کی اجازت دی جائے

ٹاؤن ہال نیوز ویب سائٹ نےخبردی ہے کہ واشنگٹن میں سیکڑوں افراد نے امریکی سینیٹ کی عمارت کے باہر اجتماع کرکے مطالبہ کیا کہ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کے دوران گواہوں منجملہ قومی سلامتی کے امور کے سابق مشیر جان بولٹن کو بھی وہاں موجود رہنے کی اجازت دی جائے - مظاہرین نعرے لگارہے تھے کہ ہمیں ادھورا انصاف منظور نہیں ہے -

ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کے دوران جان بولٹن کو بھی ایوان میں بلانے کا مطالبہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے - یوکرین گیٹ اسکینڈل کے بارے میں جان بولٹن کی کتاب کے کچھ اقتباسات سامنے آنے کے بعد را‏ئے عامہ کی جانب سے یہ مطالبہ بڑھتا جارہا ہے کہ جان بولٹن کو بھی مواخذے کی کارروائی کے دوران ایک گواہ کے طور پر سینیٹ میں موجود رہنا چاہئے -

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پرانتباہ جاری کرکے امریکا کی قومی سلامتی کے امور کے سابق مشیر جان بولٹن سے کہا ہےکہ وہ ٹرمپ کے خلاف اپنی نئی کتاب چھاپنے سے باز رہیں -

وائٹ ہاؤس نے جان بولٹن کے وکیل کو ایک خط ارسال کرکے کہا ہے کہ فیڈرل قوانین اور سیکریٹ اطلاعات و معلومات کو عام نہ کرنے کے بارے میں ضابطوں کی بنیاد پر جان بولٹن کو اس بات کا حق نہیں ہے کہ وہ سیکریٹ مواد کو کتاب سے نکالے بغیر اس کو چھاپ دیں -

اخبار نیویارک ٹائمز نے ابھی حال میں خبردی تھی کہ جان بولٹن نے ، جنھیں ڈیموکریٹس سینیٹر مواخذے کی کارروائی کے دوران ایوان میں بلائے جانے کامطالبہ کر رہے ہیں اپنی آنے والی کتاب میں ٹرمپ کے خلاف باتیں کی ہیں اور اہم رازوں سے پردہ اٹھایا ہے -

بتایا جارہا ہے جان بولٹن نے اپنی اس کتاب میں لکھا ہے کہ ٹرمپ نے اگست دوہزار انیس میں ان سے کہا تھا کہ امریکا کے صدارتی انتخابات کے امیدوار جو بائیڈن کے خلاف تحقیقات انجام دینے کی غرض سے یوکرین کو تین سو اکیانوے ملین ڈالرکی فوجی مدد روک دیں گے -

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس صورت میں یوکرین کے صدر،  جوبائیڈن کے خلاف تحقیقات انجام دینے پر مجبور ہوں گے - ٹرمپ کے خلاف سینیٹ میں مواخذے کی کارروائی اکیس جنوری سے شروع چکی ہے ان کے خلاف یوکرین گیٹ اسکینڈل اور اقتدارکا ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

ٹیگس