امریکا میں 70 افراد کورونا وائرس میں مبتلا
کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکت کے بعد امریکہ کے ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ اب تک 70 افراد میں کورونا وائرس کی تائید کی جا چکی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل امریکہ میں بیماریوں کی روک تھام کرنے والے مرکز نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد انسٹھ بتائی تھی۔
کورونا کے تعلق سے ٹرمپ انتظامیہ کی کارکردگی کو لے کر امریکہ میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔اسی سبب سے واشنگٹن ریاست کے گورنر نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
اس سے قبل امریکی ویب سائٹ ٹروتھ اوتھ نے اعلان کیا تھا کہ دو کروڑ اسی لاکھ امریکی شہری بیمہ کی سہولت سے محروم ہیں اور اسی سبب سے کورونا وائرس امریکہ کے لئے ایک بڑے المیہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
ماہرین خبردار کر چکے ہیں کہ اپنی موجودہ اجتماعی صوتحال کے پیش نظر امریکہ کو لا محالہ کورونا وائرس کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ واشنگٹن کے علاقے کنگ کاؤنٹی میں کورونا وائرس سے متاثر 50 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔ مذکورہ شخص نے کبھی چین کا دورہ نہیں کیا تھا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اب یہ وائرس کمیونیٹیز میں پھیل رہا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکت کی خبر اُس وقت آئی ہے جب امریکی صدر نے اپنے شہریوں کو کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہونے کی ہدایت کی تھی۔
مختلف امریکی ریاستوں کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ عوام میں کورونا وائرس سے کافی خوف پایا جاتا ہے اور بازار سے ماسک، دستانے اور مختلف قسم کے سینٹائزرس غائب ہوگئے ہیں ۔
ایسو سی ایٹیڈ پریس کے مطابق عوام میں کورونا وائرس کی وحشت طاری ہونے کے بعد ملک میں ماسک، دستانوں اور سنیٹائزروں کی شدید قلت کے سبب حکام کو کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔
اسی کے ساتھ امریکا کے ادارہ صحت اور معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والوں نے امریکی صدر کے اس بیان پر سخت تنقید کی ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خطرات کو معمولی قرار دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالات نارمل ہیں۔
ادھر امریکا کے ڈاکیومینٹری فلموں کے معروف ڈائریکٹر مائیکل مور نے امریکی صدر کے غلط رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس سے متعلق حقائق کی پردہ پوشی اور صحیح اطلاعات نہ دے کر اس کے خطرات کو معمولی ظاہر کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔
اس سے قبل ایران کے خلاف ہر قسم کی پابندیاں عائد کرنے والے امریکی صدر ٹرمپ نے دعوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران کورونا سے مقابلے کے لئے امریکہ سے مدد کی درخواست کرے تو وہ اسکی مدد کرنے کیلئے قدم آگے بڑھائے گا۔