اٹلی میں کورونا نے تباہی مچادی، 10 ہزار افراد ہلاک
کورونا وائرس 198سے زائد ملکوں تک پھیل گیا جس سے 27 ہزار افراد ہلاک جبکہ 6 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اٹلی میں کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 889 افراد ہلاک ہو گئے، اس طرح مجموعی طور پر اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 23 ہوگئی اور اس ملک میں کورونا سے اب تک 92472 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اٹلی کے وزیر اعظم جوزبہ کونتہ نے پورے ملک کو قرنطینہ کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت کورونا پر قابو پانے میں اب تک ناکام رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے آخر میں چین کے ہوبئی صوبے سے کورونا وائرس کے معاملے شروع ہوئے تھے اور اب تک کورونا وائرس دنیا کے 198سے زائد ملکوں تک پھیل گیا جس سے 27 ہزار افراد ہلاک جبکہ 6 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔