اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر کا صیہونی حکومت کے ساتھ یورپ کی اسلحہ جاتی تجارت جاری رکھنے کے بارے میں انتباہ
مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر فرانچسکا البانیز نے صیہونی حکومت کے ساتھ یورپ کی اسلحہ جاتی تجارت جاری رکھنے کے بارے میں انتباہ دیتے ہوئے اسے فلسطین کی تباہی و ویرانی کا باعث قرار دیا ہے
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق فرانچسکا البانیز نے غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ کے سلسلے میں اس کے موقف کی بنا پر سخت تنقید کی-
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک فلسطین کے حوالے سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بچنے کے لیےاس یونین کی آڑ لے رہے ہیں-
فلسطین میں انسانی حقوق کے امور میں اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے کہا کہ جرمنی اور اٹلی کی جانب سے تجارتی تعلقات معلق کرنے کی مخالف کے باعث صیہونی حکومت کے ساتھ تجارتی سمجھوتہ جاری رکھنا ایک بڑا خطرہ شمار ہوتا ہے-
انہوں نے یورپی ممالک اور صیہونی حکومت کے درمیان اسلحہ جاتی تجارت جاری رکھنے کے بارے میں انتباہ دیا اور کہا کہ اس طرح کا اقدام فلسطین کی تباہی میں کردار ادا کر رہا ہے-
اقوام متحدہ کے اس عہدیدار نے اس بات کا ذکر کیا کہ غرب اردن میں گذشتہ اسّی برسوں سے نسلی صفایا ہو رہا ہے اور غزہ کی انیس لاکھ آبادی کا اسّی فیصد اس وقت بے گھر ہے اور وہ پوری طرح تباہ و برباد ہوچکے بنیادی ڈھانچے اور کھنڈرات میں زندگی بسر کر رہی ہے-
البانیز نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکی صدر کا غزہ کے بارے میں منصوبہ پوری طرح بین الاقوامی قوانین کے برخلاف ہے-