Apr ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۱ Asia/Tehran
  • فلپائن میں صدر کا حکم، لاک ڈاون توڑنے والوں کو مار دو گولی

فلپائن کے صدر روڈریگو دوٹرٹے نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وبا کے وقت جو بھی لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرے گا اسے گولی مار دی جائے گی۔

انہوں نے سیکورٹی اہلکاروں کو حکم دیا ہے کہ لاک ڈاون توڑنے اور مسائل پیدا کرنے والوں کو گولی مار دی جائے۔

بدھ کے روز اچانک ٹی وی سے نشر ہونے والے اپنے خطاب میں فلپائن کے صدر نے پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کو حکم دیا کہ لوزون جزیرے میں تیزی سے پھیل رہے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے  نافذ کئے گئے لاک ڈاون کو جو بھی توڑے اسے گولی مار دی جائے۔

صدر روڈریگو دوٹرٹے نے کہا کہ مجھے کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے، میرا حکم پولیس اور فوج کو ہے کہ اگر مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور لوگ آپ سے جھگڑا کر رہے ہیں تو آپ انہیں گولی مار دیجئے۔

اس حکم کے آنے سے کچھ گھنٹے پہلے کویزن شہر میں تقریبا دو درجن مزدور مظاہروں کی وجہ سے گرفتار ہوئے تھے۔ مزدوروں کا کہنا تھا کہ وہ لاک ڈاون کی وجہ سے بھوکے مر جائیں گے۔

فلپائن کے صدر نے کہا کہ جنہیں مدد کی ضرورت ہے وہ انتظار کریں، مدد ضرور پہنچے گی، ہو سکتا ہے اس میں کچھ تاخیر ہو جائے لیکن اگر آپ نے حکومت کو غصہ دلانے اور چیلنج دینے کی کوشش کی تو آپ کو پشیمان ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ فلپائن میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد 2300 ہے جبکہ 96 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ٹیگس