Apr ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  •  کورونا پاکستان اور ہندوستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے

پوری دنیا میں لاکھوں افراد کو اپنی گرفت اور دسیوں ہزار لوگوں کی زندگیاں لینے والا خطرناک کورونا وائرس جنوبی ایشیا کے ملکوں خاص طور پر پاکستان اور ہندوستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

پاکستانی میڈیا اور حکام کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرافراد کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک پورے پاکستان میں کورونا سے پچپن افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں- پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ چھبیس فروری کو ملک میں کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد مارچ میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آئی تاہم یکم اپریل کے بعد سے پاکستان کے مختلف علاقوں خاص طور پر صوبہ پنجاب میں کورونا کے کیسز میں بہت زیادہ تیزی آئی اور یوں مارچ کے مقابلے میں متاثرین کی تعداد دوگنا ہوگئی-

پاکستان میں منگل کو کورونا سے متاثرین کی تعداد چار ہزار چار ریکارڈ کی گئی ہے اور سندھ و خیبرپختونخوا میں ایک ایک اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد پچپن ہوگئی-

پچھلے چند روز کی طرح کورونا سے متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے جہاں اب تک دوہزار سے زائد لوگ اس مہلک وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اس کے بعد سندھ میں تقریبا ایک ہزار خیبر پختونخواہ میں پانچ سو ہے گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بھی یہ تعداد دو سو سے عبور کر گئی ہے-

کراچی میں کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر عبدالقادر بھی کورورنا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد دوسروں کی جان بچاتے ہوئے خود جان کی بازی ہار گئے۔

پاکستان آرمی چیف جنرل باجوہ نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ بلوچستان میں طبی عملے کی مدد کے لۓ ذاتی تحفظ کے آلات سمیت طبی ساز و سامان روانہ کرے- پاکستانی فوج کے مطابق بلوچستان میں ڈاکٹروں کی حفاظت کے آلات اور طبی ساز و سامان کوئٹہ روانہ کئے جا رہے ہیں -

ادھر آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے سب سے بڑے ملک ہندوستان میں بھی کورونا سے متاثرین کی تعداد تقریبا ساڑھے چار ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس وائرس میں اب تک ایک سو چودہ اموات ہو چکی ہیں- گذشتہ چوبیس گھنٹے میں ہندوستان میں مزید پانچ اموات ہوئی ہیں جبکہ ساڑھے تین سو سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں-

ہندوستانی وزارت صحت نے منگل کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا سے متاثرین کی تعداد چار ہزار چار سو اکیس ہو گئی ہے اور اب تک ایک سو چودہ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ ہندوستانی وزارت صحت نے ساتھ ہی یہ بھی بیان دیا ہے کہ ملک میں تین سو چھبیس کورونا مریضوں کا علاج مکمل ہو گیا اور وہ صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

اس درمیان ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یوم صحت کے موقع پر ہندوستانی عوام سے کہا ہے کہ وہ کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے سماجی فاصلہ بنائے رکھیں۔ انہوں نے ملک کے اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج میں لگے ہوئے ڈاکٹروں نرسوں اور پیرا میڈیکس کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ہندوستان اس جنگ میں جیتے گا اور پھر مسکرائے گا- انہوں نے عالمی یوم صحت کے موقع پر لوگوں سے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں سماجی فاصلہ برقرار رکھ کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنی زندگی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دوسروں کی بھی حفاظت کر رہے ہیں ۔

ٹیگس