ہندوستان اور پاکستان میں کورونا اموات کی شرح بڑھی
ہندوستان اور پاکستان میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس درمیان ہندوستانی حکومت نے خلیج فارس کے ملکوں میں مقیم ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے وزارت صحت کے حوالے سے خبردی ہے کہ پورے ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد اکتیس ہزار سات سو سے زائد ہو گئی ہے جبکہ اس بیماری میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے-
ہندوستانی میڈیا مطابق کورونا کا دائرہ ملک میں وسیع ہوتا جا رہا ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید اٹھارہ سو ستانوے کیسز سامنے آئے ہیں اور پچھلے چوبیس گھنٹے میں مرنے والوں کی تعداد تہتر رہی جو ہندوستان میں ایک دن کے دوران ہونے والی اموات میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے-
ہندوستانی وزارت صحت نے کہا کہ قدرے اطمینان کی بات یہ ہے کہ کورونا کے مریضوں میں سے اب تک تقریبا سات ہزار سات سو افراد صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے گھروں کو لوٹ چکے ہیں اور ریکوری ریٹ بہتر ہو کر چوبیس اعشاریہ پچپن ہوگیا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے پیش نظر ملک گیر لاک ڈاؤن تین مئی تک جاری رہے گا- کورونا سے سب سے زیادہ ریاست مہاراشٹر متاثر ہے جہاں متاثرین کی تعداد نو ہزار تین سو سے زیادہ ہو چکی ہے۔
دریں اثنا ہندوستانی حکومت کے ذرائع نے نیوز ایجنسی اے ان آئی کو بتایا ہے کہ ہندوستانی بحریہ اپنی لینڈنگ پلیٹ فارم والے وار شپ آئی ان اس اور دیگر وارشپس کو خلیج فارس کے عرب ملکوں میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کے لئے تیار کر رہی ہے- ان سبھی وار شپس کو اسٹینڈ بائی کردیا گیا ہے اور وہ حکومتی احکامات کا انتظار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پڑوسی ملک پاکستان میں بھی کورونا سے متاثرین کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے - پاکستانی میڈیا نے بھی محکمہ صحت کے حوالے سے خبردی ہے کہ ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد پندرہ ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد تین سو ستائیس بتائی گئی ہے -
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں یومیہ سیکڑوں افراد کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں جبکہ اموات کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے- منگل کو ایک ہی دن میں انتیس اموات ہوئیں جو پاکستان میں اب تک ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں -
پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے لئے طرح طرح کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود یہ مہلک وائرس اب تک قابو میں نہیں آیا ہے-
پاکستان میں سب سے زیادہ پنجاب اور سندھ صوبے کورونا سے متاثر ہیں جہاں بالترتیب متاثرین کی تعداد پانچ ہزار آٹھ سو ستائیس اور پانچ ہزار چھے سو پچانوے ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی متاثرین کی تعداد دو ہزار ایک سو ساٹھ پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد پینسٹھ بتائی گئی ہے -
پاکستان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سندھ کے سوا دیگر تمام صوبوں میں کووڈ نائنٹین کی تشخیص کے لئے کئے جانے والے ٹیسٹوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔