جرمنی، امریکی ایٹمی ہتھیاروں کی تنصیب پر اختلافات
جرمنی سے امریکی ایٹمی ہتھیار ہٹائے جانے پر اس ملک کے سیاستدانوں میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔
جرمنی کی حکومت میں شامل سوشل ڈیموکریٹ پارٹی کے اراکین نے ملک سے امریکہ کے تمام ایٹمی ہتھیاروں کو ہٹائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی پارٹی پر حال ہی میں اتحادی جماعتوں کی جانب سے جرمنی سے امریکی ایٹمی ہتھیار ہٹائے جانے کے بارے میں دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے۔
جرمنی میں امریکی ہتھیاروں اور فوجی اڈوں کی موجودگی کے خلاف خاصا احتجاج بھی کیا گیا ہے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین کا کہنا ہے کہ ملک میں امریکی ایٹمی ہتھیاروں کی موجودگی سے، نہ صرف یہ کہ ملک کی سلامتی کو کوئی تقویت نہیں مل رہی بلکہ اس سے قومی سلامتی کو نقصان بھی پہنچ رہا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ جرمن حکومت، امریکی ہتھیاروں اور فوجی اڈوں کو ختم کئے جانے کے بارے میں فیصلہ کرے۔
جرمن پارلیمنٹ نے مارچ دو ہزار دس میں ایک قرارداد بھی پاس کی تھی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ملک سے تمام ایٹمی ہتھیاروں کا خاتمہ کرنے کی کوشش کرے مگر حکومت، نہ صرف ان ہتھیاروں کا خاتمہ نہیں چاہتی بلکہ وہ ملک میں جدید قسم کے ایٹمی ہتھیار نصب کئے جانے کی بھی خواہاں ہے۔