May ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • کورونا، ہندوستان میں 67 اور پاکستان میں 30 ہزار سے زائد متاثر

دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں جزئی اور کلی لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے آج بروز پیر مرکزی وزارت صحت کی جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا انفیکشن کے 4213 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 67 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 97 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔

مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں اب تک 67152 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 2206 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور اب تک 20917 افراد کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

ہندوستان میں مہاراشٹر اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 22171 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں جبکہ 832 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔

ادھر پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 30 ہزار 941 ہو گئی ہے جن میں سے ایکٹیو کیسز  22 ہزار 62 ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 28 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے 8 ہزار 212 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 290 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور اس وائرس سے ابھی تک 667 اموات ہو چکی ہے۔

ٹیگس