پاکستان و ہندوستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
پاکستان اور ہندوستان میں بھی دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کا پھپلاؤ جاری ہے ۔ ہندوستانی وزارت صحت کے سنیچر کو جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے مزید تین ہزار نو سو ستر افراد متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کے 85940 ہوگئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ہندوستان میں کورونا سے مزید 103 افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 2752 ہو گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں اب تک کورونا سے 3153 افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔
کورونا سے متاثرین میں ریاست مہاراشٹر بدستور سر فہرست ہے جہاں اب تک 29100 افراد کورونا میں گرفتار اور 1068 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو میں بھی کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ہے۔ تمل ناڈو میں اب تک کورونا سے 10108 افراد متاثر اور 71 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 8895 اور مرنے والوں کی تعداد ایک سو تیئس ہوگئی ہے۔
ادھر پاکستانی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 38 ہزار 799 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے ہلاک ہونے والے افراد کی کُل تعداد 834 ہو گئی۔
کورونا وائرس سے ملک میں 27 ہزار 85 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں، جبکہ 10 ہزار 880 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 291 ہلاکتیں ہوئیں۔ پھر اس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے 255 ، پنجاب میں 245 ، بلوچستان میں 31 اور گلگت بلتستان میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 921 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 7 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔