ہندوستان و پاکستان میں کورونا سے 4129 افراد ہلاک
پاکستان اور ہندوستان میں کورونا وائرس سے اب تک 4129 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہندوستان سے حاصلہ رپورٹس یہ بتاتی ہیں کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کا تناسب بڑھتا جا رہا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4970 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 101139 تک پہنچ گئی ہے۔ خیال رہے ملک میں ایک دن پہلے بھی 5242 کیسز سامنے آئے تھے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 134 افراد کورونا کی بھینٹ بھی چڑھے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 3163 ہو گئی۔ اس کے علاوہ شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2350 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہوئے والوں کی کل تعداد 39174 تک جا پہونچی ہے۔
ہندوستان کی وزارت صحت کے مطابق تین ریاستوں، مہاراشٹر، تمل ناڈو اور گجرات میں کورونا بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔
کورونا کے کل متاثرین کی ایک تہائی سے زیادہ تعداد پنیتس ہزار اٹھاون ریاست مہاراشٹر میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ریاست تمل ناڈو ہے جہاں متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار سات سو ساٹھ ہو گئی ہے۔ تیسرے نمبر پر ریاست گجرات ہے جہاں کل متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار سات سو پینتالس بتائی گئی ہے۔
ادھرلاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ملک میں کورونا کیسز کی کل تعداد 43 ہزار 966 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے 939 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے ملک میں 30 ہزار 538 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 342 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 12 ہزار 489 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 334 ہلاکتیں ہوئیں۔ پھر اسکے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ یعنی 280 جانیں لی ہیں۔ اسکے علاوہ پنجاب میں 273 افراد، بلوچستان میں 38 افراد اور گلگت بلتستان میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 ہزار 34 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 9 افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔