ہندوستان میں ڈیرھ لاکھ جبکہ پاکستان میں انسٹھ ہزار سے زائد کورونا متاثرین
ہندوستان اور پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی یومیہ شرح بڑھتی جا رہی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے بدھ کی صبح جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے 6387 نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 151767 ہو گئی۔
اس دوران کورونا کے مزید 70 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 4337 ہو گئی ہے۔ ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کرونا کے مزید 3935 مریض صحتیاب ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 83004 ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد مہاراشٹرا میں ہے ۔ اس ریاست میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 2091 نئے مریضوں کا اندارج کیا گیا جس کے بعد مہاراشٹر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 54758 ہو گئی۔ مہاراشٹر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 1792 ہوگئی ہے جبکہ 16954 مریض صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ چـوبیس گھنٹے میں کورونا کے 792 نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد متاثرین کی تعداد 15257 اور پندرہ نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد 303 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 59 ہزار 151 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 225 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے ملک میں 38 ہزار 784 مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 19 ہزار 142 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا سے اموات تمام صوبوں سے زیادہ ہے اور وہاں 416 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔
سندھ میں کورونا وائرس سے 374 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا سے ہلاکتیں 362 ہو گئی ہیں۔
کورونا وائرس سے بلوچستان میں 42 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 ہزار 879 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 18 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں 638 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔