Jun ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں کورونا بدستور تیزی سے پھیل رہا ہے

دنیا کے کئی ممالک میں ہر چند کورونا پرقابو پا لیا گیا ہے یا پھر اس کی شدت میں کمی آئی ہے تاہم ہندوستان اور پاکستان میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے ریکارڈ 9304 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں اور اب کل کورونا متاثرین کی تعداد 216919 ہو گئی ہے۔ جبکہ اس دوران 260 افراد کے ہلاک ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 6075 ہو گئی ہے جبکہ 104107 لوگ اس وبا سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ملک میں کورونا کیسز کی تعداد85 ہزار 264 ہو چکی ہے۔

اس موذی وباء سے گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 82 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی کُل تعداد ایک ہزار 770 ہو گئی ہے۔

پچھلے 24 گھنٹوں میں پاکستان بھر میں ریکارڈ 20 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے کورونا کے 4 ہزار 688 مریض سامنے آئے ہیں۔ کورونا کے 901 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 32 ہزار 910 ہو گئی ہے، پنجاب میں 31 ہزار 104 تک جا پہنچی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 ہزار 373 ہے۔

ٹیگس