پاکستان و ہندوستان میں کورونا سے ہلاکتیں 10 ہزارسے زائد
پاکستان اور ہندوستان میں کورونا سے ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے صحت اور کنبہ بہبود کی مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 9996 نئے معاملوں کے ساتھ ملک میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 286579 ہوگئی ہے جبکہ اس بیماری سے 357 لوگوں کی موت ہونے سے اموات کی تعداد بڑھ کر 8102 ہوگئی ہے تاہم 141029 لوگ اس وبا سے صحت مند ہوئے ہیں۔
اس وقت ہندوستان کورونا متأثرین کے لحاظ سے دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے جب کہ موجودہ قرائن اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آج وہ اسپین کو پیچھے ہٹا کر پانچویں مقام تک پہونچ جائے گا۔
اُدھر پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ بائیس ہزار سے زائد اور مرنے والوں کی تعداد دو ہزار تین سو چورانوے ہو گئی ہے۔
کورونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے صوبہ پنجاب پہلے نمبر پے آگیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی مصدقہ تعداد پینتالیس ہزار چار سو سے زائد ہوگئی ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد انتالیس ہزار سات سو نوے، صوبہ خیبر پختونخوا میں پندرہ ہزار دوسو اور صوبہ بلوچستان میں سات ہزار تین سو پینتیس بتائی گئی ہے۔
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چھے ہزار دو سوچھتیس اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار اٹھارہ جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں چار سو اٹھاسی بتائی گئی ہے۔
پاکستان میں اب تک انتالیس ہزار چارسو سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان مریضوں کے لحاظ سے دنیا کے ممالک کی فہرست میں چین اور سعودی عرب سے بھی آگے نکل کر 15 ویں نمبر پرآ گیا ہے۔