Jul ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۳:۱۶ Asia/Tehran
  • کورونا سے متعلق غلط اطلاعات اور افواہیں نہ پھیلائی جائیں: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تناظر میں غلط اطلاعات اور افواہیں گھمبیر مسائل کو جنم دے رہی ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ غلط اطلاعات کورونا کی وبا کو تیزی سے پھیلانے کا باعث رہی ہیں۔

عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ غلط اطلاعات عوامی صحت کی کاوشوں میں خلل اور سائنسی رہنمائی کو مسخ کررہی ہیں، ہم سب غلط اطلاعات کے پھیلاؤ کے خلاف بھرپور ایکشن لے سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی اطلاع کسی دوسرے تک پہنچانے سے پہلے تصدیق کریں۔

اقوام متحدہ نے اپیل  کی کہ ہر صورت یہ ضرور پتہ لگایا جائے کہ اطلاع کہاں سے آئی، ذرائع کیا ہیں، اور یہ بھی تصدیق کری‍ں کہ اطلاع کب شائع ہوئی، اور آپ تک کیسے پہنچی اور آپ اسے کیوں شیئر کر رہے ہیں۔

 اقوام متحدہ نے عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متعلق غلط اطلاعات اور افواہوں کے پھیلاؤ کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غلط اطلاعات کورونا کی وبا سے زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں، جس کے نہ صرف مریضوں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 15 لاکھ 56 ہزار 788 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 36 ہزار 776 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 44 لاکھ88 ہزار 272مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 486 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 65 لاکھ 37ہزار 765 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس