ہندوستان کے وزیر اعظم نے 2025 کو کامیابیوں کا سال قرار دیا
ہندوستان کے وزير اعظم نے دو ہزار پچیس کو اپنے ملک کے لئے کامیابیوں کا سال قرار دیا ہے
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ریڈیو کے مشہور پروگرام "من کی بات " کی دو ہزار پچیس کی آخری قسط میں اس سال کو ہندوستان کے لئے قابل فخر کامیابیوں کا سال قرار دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دو ہزار پچیس میں کئی بار ایسے لمحات آئے جن پر بقول ان کے ہندوستان کے عوام نے فخر کا احساس کیا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم مسٹر مودی نےایسی حالت میں دو ہزار پچیس کو ملک کے لئے کامیابیوں کا سال قرار دیا ہے کہ ہندوستان کے ممتاز انگریزی اخبار دی ہندو نے چھبیس دسمبر کی اشاعت میں، رخصت پذیر سال دو ہزار پچیس کو ناکامیوں کا سال قرار دیا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
دی ہندو نے اپنی اس رپورٹ میں لکھا ہے کہ دو ہزار پچیس میں خاص طور پر خارجہ پالیسی کے میدان اور خارجہ روابط میں حکومت اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کامیابیوں میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد آپریشن سندور کا خاص طور پر ذکر کیا ہے جبکہ دی ہندو نے لکھا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اپنے اقدامات کی عالمی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
دی ہندو نے امریکی ٹیرف بڑھائے جانے پر ہندوستان کے مبہم موقف، روسی تیل کی درآمد کم کرنے کے ساتھ ہی نیپال اور بنگلادیش کے سلسلے میں بھی ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو ناکام قرار دیا ہے۔