Dec ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran

ایران کے خلائی ادارے آئی ایس اے کے اعلان کے مطابق آج پایا، کوثر اور ظفر ٹو نامی تین سیٹلائٹس کو خلا میں روانہ کر دیا گیا ہے۔

 سحرنیوز/ایران: ایران کی خلائی ایجنسی کے اعلان کے مطابق، یہ تینوں سیٹیلائٹس آج "سایوز" سیٹلائٹ کیریئر کے ذریعے روس کے وستوچینی خلائی مرکز سے خلا میں لانچ کئے گئے۔ ایرانی خلائی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، "پایا" سیٹلائٹ، جو "طلوع 3" کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایران الیکٹرانکس انڈسٹریز کے اشتراک سے ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔ ڈیڑھ سو کلوگرام وزنی یہ سیٹیلائٹ، ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس کے زمرے میں آتا ہے اور یہ اندرون ملک تیار شدہ جدید ترین امیجنگ سیٹلائٹس میں سے ایک ہے۔ جبکہ ظفر 2" سیٹلائٹ، ظفر سیٹلائٹ سیریز کا ایک ترقی یافتہ ورژن ہے، جسے ایران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے اور اس کا وزن تقریباً 100 سے 135 کلوگرام ہے۔

 

 

یہ سیٹلائٹ اپ گریڈ شدہ ذیلی نظاموں اور پے لوڈز کا استعمال کرتے ہوئے، قدرتی وسائل کی نگرانی اور زمینی انتظام کے لیے ریموٹ سینسنگ اور ایپلائڈ ڈیٹا اکٹھا کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ جبکہ "کوثر" اپنی سیریز کا ایک اور اپگریٹڈ سیٹلائٹ ہے جو آپریشنل ڈیٹا اکٹھا کرنے، زرعی اراضی کی نگرانی اور انٹرنیٹ آف تھنگز سے متعلقہ ایپلی کیشنز کو سپورٹ کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ ملک کے ڈیٹا پر مبنی سیٹلائٹ نظام میں ایک تکمیلی کردار ادا کرتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اندرون ملک تیار ہونے والے تین سیٹلائٹس کی بیک وقت لانچنگ سے خلائی ٹیکنالوجی میں پیشرفت کی نئی منزلوں کی جانب ایران کے کامیاب سفر کی نشاندہی ہوتی ہے۔ ان مشنز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے، نگرانی کی درستگی کی ارتقا اور مختلف شعبوں میں پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مدددگار ثابت ہوگا۔

ٹیگس