Aug ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • ناگاساکی میں ایٹمی بمباری میں مارے جانے والوں کی برسی کا اہتمام

جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر امریکی فوج کی ایٹمی بمباری کی پچہترویں برسی کی مناسبت سے ناگاساکی کے پیس پارک میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔

 جاپان کے ناگاساکی پر امریکی فوج کی ایٹمی بمباری کی پچہترویں برسی کی مناسبت سے اتوار کے روز جاپان کے شہر ناگاساکی کے عوام نے پیس پارک میں ایک پروگرام میں امریکی فوج کے ہاتھوں جاپانی عوام کے اس قتل عام کو غیر انسانی جرم قرار دیا۔اس پروگرام میں جاپان کے وزیراعظم اور دنیا کے ستّر ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس سے قبل جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے نے جمعرات کے روز ہیروشیما میں دنیا کے اسّی ملکوں کے مختلف حکام کی موجودگی میں ہیروشیما پر امریکا کی ایٹمی بمباری کی برسی کے اجتماع سے خطاب میں کہا تھا کہ دنیا کو اب کبھی اس طرح کے المیے کا سامنا نہیں کرنا چاہئے ۔

یاد رہے کہ چھے اگست انیس سو پینتالیس کو امریکہ کے اس وقت کے صدر ہیری ٹرومین کے حکم پر امریکی فوج نے جاپان کے شہر ہیروشیما پر ایک ایٹم بم گرایا اور پھر تین روز کے بعد دوسرے شہر ناگاساکی کے عوام پر ایک اور ایٹم بم گرایا گیا جس کے نتیجے میں جاپان میں بھیانک انسانی المیہ رونما ہوا۔دونوں شہروں پر ہونے والی ایٹمی بمباری میں تقریبا دو لاکھ بیس ہزار عام شہری مارے گئے، دنیا میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا یہ پہلا موقع تھا اور یہ ہتھیار امریکہ نے استعمال کئے اس کے باوجود امریکہ نے اب تک اس بارے میں معذرت خواہی نہیں کی ہے۔

ٹیگس