نیٹو نے ناوالنی کو زہر دیئے جانے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا
نیٹو نے روس کے اپوزیشن رہنما ناوالنی کو زہر دینے کے الزامات کی بین الاقوامی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ نیٹو کے تمام رکن ممالک نے روس کے اپوزیشن لیڈر الکسی ناوالنی پر وحشتناک حملے کی ایک آواز میں مذمت کی تھی ۔نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ روسی حکومت کو چاہئے کہ وہ غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لئے کیمیاوی ترک اسلحہ سے متعلق ادارے کے ساتھ تعاون کرے ۔اسٹولٹنبرگ نے مزید کہا کہ بلاشبہہ ایسے شواہد موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ ناوالنی کے خلاف اعصاب کو مفلوج کردینے والے نو وچوک نامی کیمیاوی مادے کا استعمال کیا گیا ہے ۔
یورپی یونین اور دیگر طاقتوں نے بھی کیمیاوی اسلحوں کی روک تھام کے ادارے سے اس سلسلے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں روس کی تحقیقات پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے ۔ناوالنی کوگذشتہ دس برسوں سے روسی صدر پوتین کی پالیسیوں کا سب سے بڑا مخالف سمجھا جاتا ہے جو بیس اگست دوہزار بیس سے کوما میں ہے ۔ ناوالنی کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ انھیں زہر دیا گیا ہے ۔مغربی ذرائع ابلاغ ناوالنی کے کیس کو خاص طور سے کوریج دے رہے ہیں اور روس کے خلاف پروپیگنڈہ مہم میں شریک ہیں۔