یورپی پارلیمنٹ کا سعودی عرب کی میزبانی میں جی- 20 اجلاس کے بائیکاٹ کا مطالبہ
یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے گروپ بیس کے اجلاس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کے پینسٹھ ارکان نے یورپی کونسل کے سربراہ شارل میشل اور یورپی کمیشن کے صدر فونڈر لین کے نام لکھے گئے ایک خط میں یورپی سربراہان مملکت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے گروپ بیس کے اجلاس میں شرکت نہ کریں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب مسلسل انسانی حقوق کی سنگین اور کھلی خلاف ورزی کا ارتکاب کر رہا ہے اور حتی شہریوں کے بنیادی ترین حقوق کا بھی احترام نہیں کرتا ہے۔
یورپی ارکان پارلیمنٹ کے خط میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر نے والے کسی بھی ملک کو اس اہم عالمی سربراہی اجلاس کی میزبانی کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔
خط میں سعودی عرب میں اصلاحات اور بنیادی حقوق کے حق میں آواز بلند کرنے والے سماجی اور سیاسی کارکنوں، وکلا اور صحافیوں، شعرا اور دانشوروں کی گرفتاریوں اور انہیں غائب کردیئے جانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
یورپی ارکان پارلیمنٹ کے خط کے مطابق سعودی عرب نے ترکی کے شہر استنبول کے سعودی قونصل خانے میں معروف صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے مقدمے میں بھی انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گروپ بیس کا سربراہی اجلاس اکیس اور بائیس نومبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آن لائن کرائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔