Oct ۲۵, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کو دوبارہ صدر بننے سے روکنا امریکی عوام کی ذمہ داری: سابق امریکی صدر

امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما نے جوبائیڈن اور کاملا ہیریس کی انتخابی مہم کے لیے فلوریڈا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ صدر بننے سے روکنے کیلئے امریکی عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

باراک اوباما نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایسے شخص ہیں جن کے لیے اس سوال کا جواب دینا بھی مشکل ہے کہ اگر وہ دوبارہ صدر بنے تو کیا کریں گے۔

دوسری جانب امریکہ کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیدن نے برسٹل میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے پنسلوینیا ریاست کے عوام انہی کے حق میں ووٹ دیں گے۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ الیکشن کا نتیجہ پنسلوینیا طے کرے گا۔ واشنگٹن پوسٹ کا بھی کہنا ہے کہ پنسلوینیا، مشی گن اور وسکونسن طے کریں گی کہ الیکشن کون جیتے گا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کے لیے ویسٹ پام بیچ کے پولنگ اسٹیشن پراپنا ووٹ ڈال دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نےصدارتی انتخاب کے لیے قبل از وقت ووٹنگ کے تحت اپنا ووٹ 3 نومبر سے پہلے ڈال دیا ہے۔امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ووٹ کاسٹ کرنے کی تصدیق کی ۔

امریکہ میں صدارتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے جس میں موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ تاہم سروے رپورٹوں کے مطابق جوبائیڈن کی پوزیشن ٹرمپ سے بہت بہتر ہے۔

ٹیگس