Oct ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۳:۵۴ Asia/Tehran
  • فرانس میں ہونے والے حملوں کے بعد 7 ہزار فوجی تعینات کرنےکا اعلان

فرانس کے شہر نائس میں جمعرات کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد اس ملک کے صدر امانوئل میکرون نے اعلان کیا کہ اب عام شہریوں کی حفاظت کو نظر میں رکھتے ہوئے ملک میں 7 ہزار فوجیں تعینات کئے جائیں گے۔

فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے ٹوئٹ کیا کہ فرانس میں حملے ہو رہے ہیں۔ لہذا میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہمارے فوجی مزید چوکس رہیں گے اور آپریشن سینٹینل کے تحت ہم فوج کی تعداد تین ہزار سے بڑھا کر سات ہزار کر رہے ہیں۔

کل جمعرات کے روز فرانس کے شہر نائس میں ایک چرچ میں حملہ آور کے چاقو کے حملے میں تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران فرانس میں یہ تیسرا حملہ ہے۔

فرانس میں پیغمبر اسلام (ص) کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کی جانب سے اس کی حمایت کے خلاف پورے ملک میں کشیدگی پھیلی ہوئی ہے اور سیکورٹی اہلکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ فرانس کے ایک اسکول میں ایک استاد نے آزادی اظہار رائے کے سبق کے دوران متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے 2006 میں شائع کردہ گستاخانہ خاکے دکھائے تھے۔ جس کے چند روز بعد ایک شخص نے مذکورہ استاد کا سر قلم کردیا تھا جسے پولیس نے جائے وقوع پر ہی گولی مار کر قتل کرنے کے بعد اس معاملے کو کسی دہشت گرد تنظیم سے جوڑ دیا۔

ٹیگس