Oct ۳۱, ۲۰۲۰ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • امریکہ کے صدارتی انتخابات

امریکہ میں جاری کئے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں پیشگی ووٹنگ میں ساڑھے آٹھ کروڑ سے زائد لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ اسٹیٹس الیکشن پروجیکٹ، جس نے امریکہ میں پیشگی ووٹنگ  کے آغاز سے ہی اس الیکشن سے متعلق اعداد و شمار جمع کئے ہیں، جمعے کی رات اعلان کیا ہے کہ اب تک ساڑھے آٹھ کروڑ سے زائد امریکی ووٹر اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دے چکے ہیں۔

انتخابات میں شرکت کرنے والوں کی شرح کے مطابق ووٹنگ کی شرح امریکہ میں ریکارڈ توڑ رہی ہے۔دریں اثنا یونائیٹڈ اسٹیٹس الیکشن پروجیکٹ مرکز کے سربراہ مائیکل مک ڈونلڈ نے کہا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ امریکہ میں تین نومبر کے صدارتی انتخابات میں پندرہ کروڑ سے زائد ووٹر اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے انتخابات میں شرکت کریں گے اور شرکت کی یہ شرح پینسٹھ فیصد شرکت کے مترادف ہو گی۔ اس رو سے انتخابات میں شرکت کی یہ شرح سن انیس سو آٹھ کے بعد سے اب تک کی ریکارڈ توڑ شمار ہوتی ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد کہ جس کے نتیجے میں اب تک اس ملک میں دو لاکھ تیس ہزار سے زائد لوگ جان کی بازی ہار چکے ہیں، بیشتر امریکی ریاستوں کے حکام نے پوسٹل بیلٹس کی حمایت کا اعلان کیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔

البتہ امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ نے غیر موجودگی میں ووٹنگ پر اپنی مخالفت کے اظہار کے لئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا ہے اور انھوں نے بارہا اعلان کیا ہے کہ ووٹنگ کا یہ طریقہ انتخابات میں وسیع پیمانے پر دھاندلی پر منتج ہو سکتا ہے۔

امریکہ میں حالیہ مہینوں کے سروے نتائج سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ امریکہ کے تین نومبر کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کے نامزد امیدوار جو بائیڈن کو امریکہ کے موجودہ ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سبقت حاصل ہے۔

ٹیگس