برطانیہ، کرسمس کے موقع پر خودساختہ گمشدگی کا خدشہ
مقامی چیرٹی نے برطانیہ میں کرسمس کے دوران سیکڑوں افراد کی خودساختہ گمشدگی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
برطانیہ میں گمشدہ افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیم "مسنگ پیپل" نے اس خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ کرسمس کے موقع پر سیکڑوں افراد کے لاپتہ ہونے کا خطرہ ہے کیونکہ وبا کے دوران چیرٹی کی ہیلپ لائن پر مدد کے لیے رجوع کرنے والوں کی تعداد میں دو تہائی اضافہ ہوا ہے۔
کورونا وبا کے سبب لگنے والے لاک ڈاؤن سے لوگوں پر پڑنے والے سماجی اور مالی دباؤ کے بعد بعض افراد خود ساختہ گمشدگی سے متعلق سوچ رہے ہیں۔ چیرٹی کو اس حوالے سے موصول ہونے والی کالز میں 68 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رواں سال میں مارچ کے بعد سے لاپتہ ہونے کے خطرے سے دوچار افراد کہ جن کی چیرٹی نے مدد کی، ان کی تعداد ایک تہائی سے زائد تھی۔ چیرٹی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ کرسمس کے موقع پر اپنے پیاروں کی خیریت ضرور دریافت کریں۔
واضح رہے کہ رواں برس وبا کے سبب خاندان کے تمام افراد مل کر کرسمس پر جمع بھی نہیں ہو سکتے، کیونکہ وبا کے سبب صرف تین خاندانوں کے افراد کو ملنے کی اجازت ہوگی۔