Dec ۲۳, ۲۰۲۰ ۰۷:۵۰ Asia/Tehran
  • کورونا ویکسین تک ایران کی رسائی کا مطالبہ

انسانی حقوق کی حامی تنظیموں کی ایک یونین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کورونا ویکسین تک ایران کی رسائی کو یقینی بنائے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق انسانی حقوق کی حامی تنظیموں کی ایک یونین نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران کے خلاف عائد پابندیاں کورونا ویکسین تک اسکی رسائی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔

مذکورہ بیان میں ٹرمپ انتظامیہ سے اس ضمانت کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی خرید و فروخت کے لئے درکار ایران کے مالی ٹرانزکشن میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب تمام ممالک ویکسین کو حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہیں، ویکسین کے حصول کی راہ میں ایران کے لئے رکاوٹیں کھڑی کرنا اسکے حق میں جفا ہوگی۔

خیال رہے کہ حالیہ چند مہینوں کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دنیا کی متعدد بین الاقوامی تنظیموں اور مختلف ممالک منجملہ ترکی، روس، پاکستان اور چین امریکہ سے بارہا یہ مطالبہ کر چکے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف اپنی یکطرفہ اور غیرقانونی پابندیوں کا خاتمہ کرے۔

امریکی پابندیاں کورونا کو مہار کرنے کے لئے درکار لازمی طبی وسائل اور بعض ادویات کی فراہمی میں ایران کے لئے مشکلات کا باعث ضرور بنی ہیں تاہم اسلامی جمہوریہ ایران اب تک اپنی قومی اور اندرونی توانائیوں پر تکیہ کرتے ہوئے کورونا کو مہار کرنے اور اس میں مبتلا بیماروں کے علاج میں حیرت انگیز کردار کا حامل رہا ہے جس کا عالمی ادارۂ صحت نے بارہا اعتراف بھی کر چکا ہے۔ 

ٹیگس