Jan ۱۶, ۲۰۲۱ ۲۳:۳۱ Asia/Tehran
  • ایرانی میزائیل، امریکی بیڑے سے سو میل کے فاصلے پر گرے: فاکس نیوز

فاکس نیوز نے کچھ امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے میزائیل بحر ہند میں امریکی بیڑے کے قریب گرے ہیں۔

فاکس نیوز ٹی وی چینل نے بعض امریکی حکام کے حوالے سے، جن کے نام کا اس نے  ذکر نہیں کیا، رپورٹ دی ہے کہ ایران کے میزائيل، امریکا کے طیارہ بردار بیڑے نمٹز کے سو میل کے اطراف میں آ کر گرے ہیں۔ ان امریکی حکام کے حوالے سے اس ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ ایران کے کم از کم دو بیلسٹک میزائيل، بحر ہند میں موجود اس امریکی بیڑے کے سو میل کے اطراف میں گرے ہیں تاہم ان حکام نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات نہیں بتائي ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہمیں ایران کی جانب سے میزائيل فائر کیے جانے کی توقع تھی۔

فاکس نیوز نے اس سلسلے میں اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ سو میل کا فاصلہ ایسا نہیں ہے جو نمٹز یا اسے ایسکورٹ کرنے والے جہازوں کی نظروں میں آ سکے بلکہ امریکا کے جاسوسی سیٹلائٹس نے ان میزائيلوں کا پتہ لگایا ہے۔ ابھی اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے کہ نمٹز پر نصب رڈار نے ان میزائیلوں کا پتہ لگا لیا تھا یا نہیں۔

یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی پیامبر اعظم-15 فوجی مشقوں کا پہلا مرحلہ جمعے کو شروع ہوئي ہیں۔ ان فوجی مشقوں کے دوران زمین سے زمین پر مار کرنے والے بے شمار میزائيل فائر کیے گئے ہیں جبکہ بمبار ڈرونز نے بھی اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان فوجی مشقوں کا دوسرا مرحلہ سنیچر کو شروع ہوا جس میں ایران کے بیلسٹک میزائیلوں نے فرضی دشمن کے بحری بیڑوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔

ٹیگس