Feb ۱۴, ۲۰۲۱ ۰۶:۵۱ Asia/Tehran
  • برطانیہ میں بھتہ خوری کا چلن

 رقوم ادا نہ کرنے کی صورت میں خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

پرچی، بھتہ اور پروٹیکشن منی کے نام پر بعض ممالک میں لوگوں سے بڑی رقم وصول کی جاتی ہیں لیکن اب یہ سلسلہ برطانیہ میں بھی شروع ہو گیا ہے۔ پولیس کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ لندن میں بیڈفورڈ شائر میں چند گھرانوں کو ایک شخص نے فون کرکے بڑی رقوم ادا نہ کرنے کی صورت میں تشدد اور خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ  یہ شخص اپنے اہداف کے نام کے علاوہ ان کے خاندان کے افراد کے نام اور گھر کے پتے سے بھی واقف ہوتا ہے۔ اور اپنا نمبر چھپاکر ’’ٹرک‘‘ کے ذریعے کسی جاننے والے کے نمبر کے ذریعے فون کرتا ہے تا کہ وہ فون اٹھانے پر مجبور ہو جائیں، متاثرین کا کہنا ہے کہ اس شخص کا لہجہ برطانوی ہے۔

 پولیس کے مطابق وہ ڈرانے دھمکائے جانے والے دو افراد سے واقف ہیں لیکن انہوں نے فون کرنے والے شخص کو کوئی رقم ادا نہیں کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جن دیگر افراد کو فون کئے گئے وہ سب متعلقہ اداروں کو اس کی اطلاع دیں۔

ڈیٹیکٹیو کانسٹیبل مائیکل بینسن نے کہا ہے کہ اس شخص کا طریقہ کار انتہائی خوفناک ہے۔ کیونکہ اس کے پاس تمام معلومات موجود ہوتی ہیں اور وہ فون والے کے دوست یا فیملی کے رکن کے فون نمبر سے فون کرکے رقم کا مطالبہ کرتا ہے جسے ادا نہ کرنے کی صورت میں خطرناک دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

 

 

ٹیگس