جنگ بندی کے باوجود غاصب اسرائیل کی جارحیت جاری، 80 مرتبہ معاہدے کی خلاف ورزی، 97 شہید
اطلاعات کے مطابق غاصب اسرائیلی حکومت کی فوج نے جنگ بندی معاہدے کے باوجود فلسطینیوں کے خلاف اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور معاہدے کے بعد 80 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
غزہ میں فلسطینی سرکاری میڈیا کے دفتر نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے 80 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ بیان کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت اور حملوں کے نتیجے میں 97 فلسطینی شہید اور 230 زخمی ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ مصر کے شہر شرم الشیخ میں گزشتہ 13 اکتوبر کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں نام نہاد غزہ امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ اس اجلاس کی صدارت مصری اور امریکی صدور عبدالفتاح السیسی اور ڈونلڈ ٹرمپ نے کی اور اس میں 20 سے زیادہ ممالک کے رہنماؤں اور نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، ناروے، ترکی، فلسطین اور قطر کے نمائندے بھی شریک تھے تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ معاہدے کے دو اہم فریق اسرائیل اور حماس دستخط کی تقریب میں موجود نہیں تھے۔