Mar ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • امریکہ میں کورونا وائرس سے اموات میں مزید اضافہ

جان ہوپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پـچھلے دوہزار ایک سو تینتالیس اموات کے بعد امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سولہ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جان ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے منگل اور بدھ کو جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے موازنے سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ میں نئے کورونا وائرس میں مبتلا اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہورہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ستاون ہزار تین سوپچاس افراد نئے کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں اور جس کے بعد امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوکروڑ ستاسی لاکھ سترہ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
 دوسری جانب ورلڈو میٹر نامی ویب سائٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوکروڑ ترانوے لاکھ ستر ہزار سے زائد ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ تیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
 اس رپورٹ کے مطابق ریاست کیلی فورنیا میں کورونا سے مرنے والوں کا تناسب دیگر ریاستوں سے کہیں زیادہ ہے اور اس میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔
وبائی امراض کے امریکی ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فوچی نے خبردار کیا ہے کہ برطانوی کورونا وائرس کا نیا اسٹرین، موسم کے بہار کے وسط تک پورے امریکہ میں پھیل جائے گا۔
فائزر ویکسین کے ذریعے لوگوں کی ویکسینیشن کے آغاز کے باوجود امریکہ دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے اور اموات کے لحاظ  سے دنیا میں اب بھی سرفہرست ہے۔
 دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک دنیا بھر میں کورونا وائرس پر قابو پانا ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔
 عالمی ادارہ صحت کے عہدیدار ڈاکٹر مائیکل رایان نے کہا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت اور غیر حقیقت پسندانہ ہوگا کہ رواں سال کے آخرتک  کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے تاہم نئی ویکسین کے ذریعے اسپتال جانے والے مریضوں اور اموات کی تعداد میں کافی حد تک کمی واقع ہونے کی امید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ویکسینیشن کے ذریعے رواں سال  کے آخر تک اموات اور مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی تو اس کا اثر لامحالہ اس بیماری کے پھیلاؤ اور منتقلی پر بھی بڑے گا اور ہم اس پر قابو پانے کی سمت تیزی سے گامزن ہوجائیں گے۔
 اس سے پہلے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر تڈریوس ایڈھانم نے بھی کہا تھا کہ دنیا بھر کے ممالک صرف اپنی آبادی کے لیے ویکسین کے حصول  کی دوڑ نہ لگائیں بلکہ یہ ویکسینیشن  پوری طرح سے عالمگیر ہونی چاہیے۔
 واضح رہے کہ عالمی سطح پر چھے ہفتے کے وقفے کے بعد کورونا وائرس کی رفتار ایک بار پھر تیز ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد گیارہ کروڑ بیانوے لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ پچیس لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں.

ٹیگس