Mar ۱۸, ۲۰۲۱ ۲۳:۰۸ Asia/Tehran
  •  تنزانیہ کے صدر جان مگوفولی انتقال کر گئے

تنزانیہ کے صدر جان مگوفولی کورونا وائرس کا شکار ہونے کی قیاس آرائیوں کے بعد61 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

 برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تنزانیہ کی نائب صدر سمیہ صولوہو حسن نے ٹی وی پر خطاب کے دوران صدر جان مگوفولی کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صدر عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔

جان مگوفولی گزشتہ دو ہفتوں سے منظر عام سے غائب تھے اور ان کی صحت کے حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

تنزانیہ کی اپوزیشن کی جانب سے گزشتہ ہفتے کہا گیا کہ صدر جان مگوفولی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں لیکن اس حوالے سے کسی قسم کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

صدر جان مگوفولی کو آخری مرتبہ 27 فروری کو عوامی سطح پر دیکھا گیا تھا اور تنزانیہ کے وزیراعظم نے ان کی صحت کے حوالے سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ صدر مگوفولی مکمل صحتمند ہیں اور اپنی ذمہ داریاں بالکل ٹھیک انجام دے رہے ہیں۔

تنزانیہ کی نائب صدر نے جان مگوفولی کے انتقال پر 14 روزہ قومی سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بہادر لیڈر سے محروم ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ جان مگوفولی افریقا میں کورونا وائرس کے حوالے سے توہم پرست نظریات پر یقین رکھنے کے حوالے سے مشہور تھے اور وہ کورونا وائرس کے علاج کے لیے دعا اور اسٹیم تھراپی کا مشورہ دیا کرتے تھے۔

ٹیگس