Apr ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • امریکہ اور یورپ کو کورونا کے تیسری لہر کا سامنا

امریکہ میں بھی کورونا کا طوفان شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور اس موذی وائرس سے مرنے والے امریکیوں کی تعداد پانچ لاکھ تہتر ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ پچاس ہزار سے قریب نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے۔

امریکہ میں کورونا کے سرکاری اعداد شمار جاری کرنے والے ادارے جان ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں، انچاس ہزار پانچ سو چوبیس نئے کورونا مریضوں کے اندراج کے بعد ملک میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد دوکروڑ اکیس لاکھ تہتر ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ 

جان ہوپکنز یونیورسٹی کے ایک روز قبل جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہورہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سات سو تین افراد کی موت کے بعد امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ اٹھہتر ہزار چار سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔

ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر امریکی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور وبائی امراض کے قومی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خبردار کیا ہے کہ ملک کو عنقریب کورونا کی چوتھی اور شدید ترین لہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکہ میں کورونا کے مریضوں اور اموات کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے اوراس کے بعد ہندوستان اور برازیل بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو کورونا مینیجمنٹ کے حوالے سے اندرون ملک شدید دباؤ کا سامنا ہے اور اس موذی وائرس کی تیسری کے لہر کے اندیشوں نے ملک میں خطرے کی گھنٹیاں بجادی ہیں۔برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کو حکومت سے توقع ہے کہ ہم اس بات کا اطمینان حاصل کریں کہ پابندیوں اور بندشوں سے فائدہ ہورہا ہے۔زیادہ تر برطانوی سائنسدانوں نے ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والی لہر پہلی اور دوسری لہر سے کہیں زیادہ شدید ہوسکتی ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر ملک میں کورونا کی صورتحال سے لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ برطانیہ میں اب تک چوالیس لاکھ چار ہزار سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ اٹھائیس ہزار پانچ سو کے قریب لوگ جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

ادھر برازیل کی وزارت صحت نے پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران تین ہزار ایک سو بیس افراد کی موت کا اعلان کیا ہے۔

برازیل کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران چھیتر ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں، اس طرح ایک کروڑ چار لاکھ چار سو سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے تین لاکھ پچانوے ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہوچکے ہیں ۔

ٹیگس