برکینافاسو، دیہی باشندوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ کو تشویش
افریقی ملک برکینافاسو میں دیہی باشندوں کے قتل عام کے دوران دسیوں افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔ اس واقعے پراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ افریقی ملک برکینافاسو میں دیہی باشندوں کے بہیمانہ قتل عام کے ایک واقعے میں دسیوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سرکاری میڈيا کے مطابق افریقی ملک برکینافاسو میں متعدد دیہاتوں پر حملوں کے نتیجے میں کم از کم 100 افراد مارے گئے ہیں۔
سیکورٹی اور مقامی ذرائع نے ہفتے کے روز خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد شہریوں کو ہلاک کر دیا۔
سرکاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران ایک حملہ آور بھی مارا گيا ہے۔
حکومت نے اس حملے کو رواں سال کا ہلاکت خیز ترین حملہ قرار دیا ہے تاہم حملہ آوروں کے بارے میں فی الوقت کچھ نہیں بتایا ہے۔